A gripping tale of love, sacrifice, and fate, “Main Hoon Badnaseeb” is a Short Urdu Novel that will keep readers hooked from start to finish.

Main Hoon Badnaseeb Short Urdu Novel
پورے گاؤں میں ایک عجیب سوگ کی کیفیت تھی گاؤں کے سردار شیر دل کی بیٹی کی لاش کو زیادتی کے بعد بڑی نہر کے کنارے پھینک دیا گیا تھا سردار شیر دل نے جب اپنی اکلوتی بیٹی کی برہنہ لاش دیکھی تو سارا گاؤں ان کے غم وغصے کا شکار ہوا تھا تفتیش پر معلوم ہوا کہ گاؤں کے رہائشی خاور کو عابی کے ساتھ واقعہ سے پہلے دیکھا گیا تھا اور اس بات کی تصدیق خاور کی گمشدگی نے کر دی تھی جو اس الم ناک واقعہ۔
کے بعد ایسا غائب ہوا تھا کہ پھر کسی کو اس کی خبر ہی نہ ہوئی تھی بیٹی کو دفنانے کے بعد آج چوتھے دن انہوں نے پنچایت بیٹھائی تھی جس کا فیصلہ خون کے بدلے خون ، زمین یا زر یا پھر زن کے مطابق طے پانا تھا اور زمانے کی رسوم کے مطابق سردار شیر دل نے زن کا مطالبہ کیا تھا جسے رشید (حُرہ کے تایا ) کو ہر حال میں ماننا تھا چونکہ خاوران کا اکلوتا بیٹا تھا اور کوئی بیٹی نہ۔
تھی اور رہا زن کا مطالبہ تو حُرہ کی کفالت چونکہ اس کے تایا کی ذمہ داری تھی اس لیے فیصلے کے مطابق خون بہا میں حُرہ کا نکاح سر دار شیر دل ہمدانی کے بیٹے سردار عباس ہمدانی کے ساتھ ہونا طے پایا یہ خبر گاؤں میں آگ کی مانند پھیلی جسے سنتے ہی حُرہ اور راحت بی بی کے اوسان خطا ہو گئے کیونکہ وہ دونوں ماں بیٹی بہت اچھے سے جانتی تھیں کہ خون بہا میں جانے والی لڑکی کے ساتھ کتنا وحشانہ سلوک رواں رکھا جاتا ہے اس لڑکی کو انتقام کی بھینٹ چڑھا کر نہ صرف اس کی نسوانیت تباہ کی جاتی ہے بلکہ غیر انسانی سلوک رکھنے میں کوئی آڑ نہیں محسوس کی جاتی۔
سر دار عباس ہمدانی بہن کی موت کی خبر سن کے شہر سے جب سے واپس آیا تھا، بپھرے ہوئے شیر کی مانند خاور کو ڈھونڈ رہا تھا مگر پنچایت میں باپ کے فیصلے پر بے یقینی کے عالم میں باپ کو دیکھتا رہ گیا
کیا میری بہن اتنی بے مول ہے جس کے بے رحمانہ قتل پرآپ سودے بازی کر رہے میں بابا جان
وہ باپ کے سامنے نگاہیں نیچی کیے دھیمی آواز مگر سر دانداز میں لفظ چبا چبا کر ادا کرتے ہوئے گویا ہوا
یہ سودے بازی نہیں ہے عباس ۔ ۔ یہی ہوتا آیا ہے ہمیشہ سے اور اب بھی یہی ہوگا ۔ ۔ سر دار شیر دل نے بیٹے کی دھیمی آواز پر فخر سے سر بلند کرتے ہوئے جواب دیا بیشک ان کا بیٹا ہر حال میں ان سے ادب سے مخاطب ہوا کرتا تھا۔
مگر مجھے خون کے بدلے خون چاہیے بابا ۔ ۔
عباس نے شولے برساتی آنکھوں سے زمین کو گھورتے ہوئے اس مرتبہ اپنی بات پر زور دیتے ہوئے
تم بے فکر رہو عباس ۔ ۔ خون کا بدلہ خون ہی ہو گا ۔ ۔
سر دار شیر دل نے عباس کے شانے پر ہاتھ رکھ کر دباؤ ڈالتے ہوئے اسے یقین دہانی کروائی اور پھر
سے اپنی بات جاری رکھی
لڑکی کا اس لیے مطالبہ کیا ہے کہ فی الوقت ہمیں یہی مناسب لگ رہا ہے ۔
مگر میں نکاح نہیں کرو گا ۔ مجھے محض اپنی بہن کا قاتل چاہیے ۔ ۔ لڑکی نہیں چاہیے ۔ ۔ عباس نے صاف الفاظ میں انکار کیا تھا اس کا دل و دماغ ہر گز یہ بات ماننے کو تیار نہ تھا۔
عباس ۔ ۔ اگر لڑکی کے ساتھ نکاح نہیں کرو گے تو بھی ہم خون بہا میں لڑکی ہی لیں گے چاہیے نکاح حویلی کے کسی ملازم کے ساتھ ہی کیوں نہ کروانا پڑا اس لڑکی کا ۔ ۔
سر دار شیر دل نے حتمی فیصلہ کرتے ہوئے گردن اکڑا کر کہا تو عباس نے بے یقینی سے باپ کو پکارا
با با جان ۔ ۔
پھر کیا فیصلہ ہے تمہارا ۔ انہوں نے بات سمیٹتے ہوئے نگاہیں اب عباس کی جھکی آنکھوں پر جمائے پوچھا
آپ جانتے ہیں میری نسبت نورے کے ساتھ طے ہے ۔ عباس نے نگا ہیں اب باپ کے چہرے پر رکھتے ہوئے ان کو یاد دلایا مبادہ وہ بھول تو نہیں رہے۔
اس سے کیا فرق پڑتا ہے ۔ ۔ یہ نکاح محض انتقام ہے ۔ ۔ جبکہ تمہاری شادی میں خودشان و شوکت سے نورے سے کرواؤں گا ۔
سر دار شیر دل نے رخ مکمل عباس کی جانب کرتے ہوئے کہا
بہر حال میں یہ نکاح نہیں کر سکتا ۔ ۔
عباس اپنی بات پر قائم تھا
وجہ ۔ ۔ ؟
مجھے اپنی بہن کے قاتل کے خاندان سے کوئی تعلق نہیں رکھتا بابا ۔ ۔ عباس کے لہجے میں جھلکتی نفرت کو سر دار شیر دل نے باخوبی محسوس کیا
کون کہہ رہا ہے تعلق رکھنے کو ۔ ۔ میں خود بھی نہیں چاہتا کہ تم اس لڑکی سے کوئی تعلق رکھو ۔ ۔
انہوں نے عباس کے کاندھوں کے گردا پنا بازو حمائل کیا
کیا یہ سب ضروری ہے ۔ ۔ ؟؟
عباس نے جھنجھلا کر پوچھا تو سردار شیر دل نے اپنے فرمانبردار ، بہادر اور پر وقار بیٹے کو دیکھتے ہوئے
سرد آہ بھری
اسلام میں چار شادیاں جائز ہیں اور تم دو پر انکار کر رہے ہو۔ ۔
انہوں نے اب التجائیہ انداز میں کہا
چارشادیاں جائز ہیں مگر اس کے بھی اصول ہیں ۔ ۔ برابر کا انصاف رکھنا پڑتا ہے ۔ ۔ اور یہ بہت
نازک معاملہ ہوتا ہے ۔ ۔
عباس نے باپ کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے معاملے کی سنگینی کا احساس دلانا چاہا۔
Read Also Best Story Of 14-sal-ki-namal-short-romantic-urdu-novel/
میرے اکلوتے بیٹے ہو تم عباس – – سر دار ہو تم گاؤں کے ۔۔ سرداروں کی طرح بات کرو ۔ ۔ بتاؤ مجھے نکاح کرو گے یا لوگ اسے تمہاری رکھیل سمجھیں ۔ ۔ سردار شیر دل کی بات پر عباس نے جبڑے سختی سے بھینچ لیے یقینا لفظ ر کھیل سننا اس جیسے غیرت مند مرد کے لیے خاصا اذیت ناک تھا اپنے غصے پر قابو پانے کے لئے عباس نے کرسی کے ہینڈل پر اپنی گرفت سخت سے سخت کر لی یہاں تک کہ اس کا ہاتھ بے تحاشہ سرخ ہو گیا سر دار شیر دل نے جب بیٹے کا ضبط کے باعث سرخ ہوا چہرہ دیکھا تو فاتحانہ انداز میں مسکرائے۔
ہاں تو سردار عباس ہمدانی کیا فیصلہ ہے اب آپ کا ۔ ۔ ؟؟
سر دار شیر دل نے چند لمحوں بعد عباس کو پھر مخاطب کیا تو وہ لب بھینچ کر رہ گیا اور پھر کچھ دیر بعد نکاح شروع ہوا۔
میں نہیں کروں گی نکاح ۔۔
حُرہ کی زبان سے یہ الفاظ ادا ہونے تھے کہ ایک تیس پینتیس سال کی کرخت عورت جو کہ سردار شیر دل کی حویلی کی ملازمہ تھی کے زور دار طمانچے نے حُرہ کے وجود کو زمین بوس کر دیا۔
کے کہا تو نے ۔ ۔ ؟ اک بار پھر سے بول ۔ ۔
ناہید جھک کر حُرہ کے بالوں کو اپنے شکنجے میں سختی سے لیتے ہوئے غرائی کہ شدت درد سے بلکتی حُرہ
کراہنے لگی
شکر کر لڑکی بڑے سردار کا کہ چھوٹے سردار کو راضی کر لیا انہوں نے ۔ ۔ نہیں تو حویلی میں چھوٹے سردار کی رکھیل بن کے رہ جاتی تو ۔ ۔ اور نخرے تو یوں کر رہی ہے تو جیسے آسمانوں سے اتری ہوئی حور ہے ۔ ۔ خبر دار اگر مولوی صاحب کے سامنے نکاح کے لیے انکار کیا تو نے ۔ ۔ اتنا ماروں گی ناتجھے
کہ ساری اکڑ ختم ہو جائے گی تیری ۔ ۔
ناہید مسلسل حُرہ کو جھنجوڑتی ہوئی غرارہی تھی اور حُرہ جیسی دبلی پہلی سی نازک لڑکی اس وقت ناہید کی بے رحمی کا شکار بنی ہوئی تھی وہاں موجود ایک دوسری ملازمہ ناہید کو چاہ کر بھی نہیں روک سکتی تھی جانتی تھی کہ یہ حکم بڑے سردار کا ہوگا
مم میری جج جان لے لو م مگر میں نکاح نہیں کروں گی ۔ ۔
ناہید کے بے رحمانہ تشدد کے بعد بھی حُرہ کی زبان پر یہی الفاظ سن کر ناہید کا غصہ مزید بڑھ گیا۔
ٹھیک ہے ۔ ۔ میں بڑے سردار کو پیغام بھجواتی ہوں کہ یہ لڑکی انکار کر رہی ہے ۔ ۔ اور تو سوچ نہیں سکتی اس کے بعد تیرا کیا حال ہوگا ۔۔ ارے سزا کے طور پر تجھے وحشیوں کے آگے نہ ڈلوا دیا تو میرا نام بدل دینا ۔ ۔
ناہید نے حُرہ کے بالوں کو جھٹکا دیتے ہوئے دھمکی دی اور اس کی معنی خیز بات سن کر حُرہ نے اس پل اپنے لیے موت کی دعا کی
کوئی روشنی کی کرن نظر نہ آتے دیکھ حُرہ نے خاموشی سے نکاح کر لیا بہر حال جو بھی تھا چاہے زندگی مزید کتنی ہی مشکل ہوگی مگر وہ کسی کی رکھیل نہیں بن سکتی تھی۔
کالے جوڑے میں نکاح کے بعد حُرہ کو ناہید ہی گھسیٹی ہوئی گاڑی تک لائی اور کب حویلی کی حدود میں گاڑی داخل ہوئی کب حُرہ کو گھسیٹتے ہوئے حویلی میں لے جایا گیا ہوش اسے تب آیا جب سر دار بی بی۔
کے قدموں میں اسے کسی تحاشہ درد کرتے وجود سے جان نکلتی محسوس کرتی حُرہ نے جب سر اٹھایا تو سر دار بی بی کی زور دار ٹھوکر سے ایک مرتبہ پھر دور جا گری۔
ری ناہید اٹھا اس کو ۔ ۔
سر دار بی بی ( سردار شیر دل کی زوجہ اور سردار عباس کی ماں) اپنے کاندھے پر پھیلائی ہوئی چادر کو درست کرتی ہوئیں دھاڑی وہاں موجود ہر ملازم ان کی دھاڑ پر کانپ گیا ناہید نے فورادرد سے تڑپتی حُرہ کو سختی سے بازو سے پکڑتے ہوئے سردار بی بی کے سامنے کھڑا کیا مگر جسم میں اٹھتی ٹیسوں سے حُرہ کا۔
اپنے پیروں پر کھڑا ہونا مشکل ترین تھا اسی لیے ایک مرتبہ پھر سردار بی بی کے قدموں میں گر پڑی سر دار بی بی نے حُرہ کے کاندھوں سے پکڑتے ہوئے اپنے سامنے کیا اور اسے سر سے پاؤں تک
دیکھنے لگی
کالے منجھے ہوئے لباس میں بڑی سی کالی چادر جو کہ اس ساری کاروائی میں سر سے اتر کر کاندھوں پر آ گئی تھی لمبی چٹیا سے آدھے بال نکلے ہوئے تھے مار پیٹ کے باعث چہرہ اور ہاتھ سرخ ہو رہے تھے مسلسل بہتے آنسو، سردار بی بی کو وہ لڑکی بمشکل سترہ اٹھارہ سال کی لگی تھی ایک پل کو اس لڑکی کی اجڑی بکھر ی حالت دیکھ کر ان کا ہاتھ اپنے دل پر گیا مگر وہ لڑکی ان کی بیٹی کے قاتل کے گھر سے آئی تھی۔
یہ سوچ آتے ہی سر دار بی بی نے حُرہ کے رخسار پر زور سے طمانچہ رسید کیا
تو ایک بات اپنے ذہن میں بیٹھا لے ۔۔ تو میرے بیٹے کے نکاح میں ضرور ہے مگر اس حقیقت کو کبھی فراموش نہ کریں کہ تو خون بہا میں آئی ہوئی ہے ۔ ۔ تو محض انتقام ہے ہمارا ۔ ۔ جس
طرح ظالموں نے میری بیٹی کو مارا ہے نا اس سے برا حال کرے گا میرا عباس تیرا ۔ ۔ سردار بی بی حُرہ کے رخساروں پر پے در پے طمانچہ رسید کرتی دھاڑر ہی تھیں جب چیختی چنگھاڑتی اس کا گلا بیٹھ گیا تو انہوں نے روتی بلکتی حُرہ کو کسی نا پسندیدہ چیز کی طرح زمین پر دے مارا اور اپنے کمرے کی
جانب بڑھ گئی۔
سر دار بی بی کے جانے کے بعد ہر کوئی وہاں سے بوتل کے جن کی طرح غائب ہوا تھا مگر حُرہ نے اپنے قریب آتے کسی کو محسوس کیا جب درد کرتے سر کو دونوں ہاتھوں میں تھام کر تھوڑا بلند کیا تو آنسوؤں کے باعث دھندلائی ہوئی آنکھوں سے سامنے کھڑی ایک نہایت خوبصورت لڑکی کو دیکھنے لگی جو گہرے رنگ کے جوڑے میں سر پر دوپٹہ لیے سینے پر ہاتھ باندھے کھڑی بے تاثر چہرہ لیے حُرہ کے
زخمی وجود کو دیکھ رہی تھی ۔
نورے آہستہ آہستہ قدم اٹھاتی خرہ تک پہنچی تو حُرہ سہم کر اپنے زخمی وجود کو گھسیٹتی پیچھے کو ہوئی رونے میں مزید شدت آگئی تھی کہ اب بے بسی کی انتہا تھی وہ اپنا دفاع بھی نہیں کر سکتی تھی یہاں تو ہر کوئی ہی ظالموں کی صف میں کھڑا تھا اس وقت سامنے کھڑی اس خوبصورت لڑکی کی آنکھوں میں بے چینی اور
اضطراب دیکھ کر حُرہ کا دل کانپنے لگا
یقیناً تمہاری حالت اس وقت قابل رحم ہے مگر ۔ ۔ مگر ۔ ۔ میرے دل میں بہت چاہ کر بھی
تمہارے لئے کبھی بھی نرم گوشہ پیدا نہیں ہو پائے گا ۔ ۔
تھوڑا جھک کر جب نورے جذبات سے عاری انداز میں بولی تو حُرہ کی آنکھیں ڈگمگا گئیں اور وہ بے آوازرونے لگی۔
جاننا چاہوگی کیوں ۔ ۔ ؟؟
نورے نے سوالیہ انداز میں ابرو اچکا کر پوچھا تو حُرہ نے سہم کر اس کے خوبصورت چہرے کو دیکھا بیشک وہ اس پل کوئی بھی بات سمجھنے سے قاصر تھی
تم ہمارے سے پہلے سردار کے نکاح میں آئی ہو ۔ ۔ جانتی ہو بچپن سے دل میں بستے ہیں وہ اور ۔ ۔ اور تم نے آج انجانے میں ہی مگر میرا اعباس حاصل کر لیا یہ بات نورے ہمدانی کو اندر سے کاٹ رہی
ہے ۔
نورے بھیگی آواز میں ہزبانی انداز میں چیخی تو حُرہ نے خوف سے آنکھیں میچ لیں
مم مگر ۔۔ مگر ۔ ۔ عباس کبھی بھی اپنی بہن کے قتل کو فراموش نہیں کریں گے اور اسی بات کی وجہ سے نفرت کریں گے وہ تم سے ۔ ۔ کک کبھی بھی ۔۔ کبھی بھی اپنی اوقات مت بھولنا۔۔ اور میرے حق پر پہلے ہی تم نقب لگا چکی ہو۔
مزید اگر اوقات سے باہر ہوئی تم اپنی تو ۔ ۔ تو بھی مار دوں گی اور
خخ خود بھی مم مر جاؤں گی ۔ ۔
نورے کے چنگھاڑتے ہوئے لہجے پر حُرہ حیرت و پریشانی کے عالم میں اسے دیکھ رہی تھی جو اس
وقت شدید صدمے میں لگ رہی تھی حُرہ کو وہ لڑکی اپنے حواسوں میں نہیں لگ رہی تھی تبھی ایک ملازمہ نورے کے قریب آئی اور اسے تھام لیا۔
بی بی آپ کیوں پریشان ہو رہیں ہیں ۔ ۔ یہ لڑکی آپ کے سامنے کچھ بھی نہیں ہے ۔ ۔ نہ آپ جتنی خوبصورت ہے اور نہ آپ جیسا خاندانی مرتبہ رکھتی ہے ۔ ۔ اور سب سے بڑی بات اس کا تعلق قاتل کے خاندان سے ہے ۔ ۔ چھوٹے سردار تو اس کی طرف دیکھیں گے بھی نہیں ۔ ۔ ملازمہ نورے کو سنبھالتی بول رہی تھی جس کے لیے عباس کا نکاح کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں تھا۔
بیشک وہ بری لڑکی نہیں تھی آج تک کبھی بھی حویلی میں اس کی اس قدر بلند آواز نہیں سنی گئی تھی یہاں تک کہ ملازمہ سے بھی نرم اور دھیمے لہجے میں بات کرنے والی نور ے آج پاگلوں کے سے انداز میں رو رہی تھی کہ اسے کرب سے روتے دیکھ کر حُرہ اپنے وجود کے سارے زخموں کے درد بھول کر ساکت آ نکھوں سے اسے تکنے لگی وہ کافی حد تک اس کی باتیں اور رونا سمجھ رہی تھی مگر وہ کیا کر سکتی تھی وہ تو سامنے کھڑی اس لڑکی کو اتنا بھی نہ کہ سکی کہ تم کیوں خوفزدہ ہو رہی ہو خون بہا میں آئی ہوئی لڑکی تو فقط۔
سائیوں کے انتقام کے لیے ہوتی ہے اسے بیوی کون سمجھتا ہے حُرہ زمین پر بیٹھی ٹانگوں کے گرد بازو حمائل کیے روتی ہوئی نورے کو دیکھتی دل میں سوچ رہی تھی جب ایک عورت نے آکر نورے کو گلے سے لگالیا۔
نورے میری بیٹی ایسے کیوں رو کر ماں کو تکلیف دے رہی ہو ۔ ۔ ؟ ناعمہ ہمدانی بیٹی کو سینے سے لگائے تڑپ کر کہہ رہیں تھیں۔
مم ماں جی ۔ ۔ ماں جی یہ لڑکی عباس کی بیوی ہے کیسے برداشت کرلوں میں ۔ ۔
نورے روتے ہوئے اب حُرہ کی جانب انگلی سے اشارہ کرتے ہوئے بولی تو حُرہ گھبرا گئی اور اپنی چادر کو سر پہ درست کرنے لگی نورے کے اشارہ کرنے پہ انھوں نے فرش پر سمٹی بیٹھی لڑکی کو دیکھا
بیٹا خون بہا میں آئی لڑکیاں کسی کی بیویاں نہیں ہوتیں ۔ ۔ وہ صرف ونی ہوتی ہیں ۔ ۔ اور اس لڑکی کی
اوقات کچھ نہیں ہے تمہارے آگے ۔ ۔ تمہارے تایا سر دار تمہاری شادی عباس سے ضرور کروائیں گے تم فکر مت کرو ۔۔ تم بہت عزیز ہوا نہیں ۔ ۔ تم ان کے بھائی کی نشانی ہو ۔ ۔ وہ زیادتی نہیں کریں گے تمہارے ساتھ ۔ ۔ اور عباس پر بھی یقین رکھو آج تک ہمیشہ اس نے تمہارا ساتھ دیا۔
ہے ۔ ۔ جو جگہ تمہاری ہے وہ کوئی نہیں لے سکتا ۔ ۔ یہ معمولی سی لڑکی تو ہر گز نہیں ۔ ۔ نورے کو دونوں بازوؤں سے تھام کر وہ ایک حقارت بھری نگاہ حُرہ کے سوجھے چہرے پر ڈال کر بولی
بیشک سامنے زمین پر بیٹھی لڑکی پر کسی کو بھی ترس آسکتا تھا اگر انجانے میں اس نے ان کی بیٹی کے حق پر ڈاکا نہ ڈالا ہوتا تو اس وقت وہ اس لڑکی کے ساتھ یقیناً ہمدردی سے پیش آتیں مگر یہی دکھ انہیں بے چین کر رہا تھا کہ بہر حال جو بھی ہے وہ لڑکی عباس کے نکاح میں تھی۔
اگر ۔ ۔ اگر عباس نے اسے بیوی مان لیا تو میں مر جاؤں گی ماں جی ۔ ۔ نورے بھرائی آواز میں بولتی ہوئی رونے لگی
کیا تم جانتی نہیں عباس کو ۔ ۔ سرداروں کا خون ہے وہ ۔ ۔ اور یہ لڑکی انتقام کی صورت آئی ہے ۔ ۔ تم دیکھنا یہ لڑکی سونے کی بھی بن جائے مگر حویلی میں کبھی سردار کی بیوی کی حیثیت نہیں مل سکتی اسے
وہ نورے کو سینے سے لگائے سمجھارہیں تھیں جب نورے کچھ سنبھلی تو وہ اسے تھام کر ایک حقارت بھری نگاہ حُرہ و پر ڈال کر جا چکیں تھیں اور زمین پر بیٹھی حُرہ کے دکھوں میں مزید اضافہ ہوا تھا بیشک وہ ان جتنا بلند خاندانی مرتبہ نہیں رکھتی تھی مگر اس قدر ہتک آمیز رویے کی مستحق تو وہ قطعی نہ تھی جو ان سب۔
نے اس سے رواں رکھا تھا اپنی آنے والی زندگی کو سوچتی وہ رونے لگی کیونکہ اسے دلاسہ دینے والی ماں اس سے بہت دور کر دی گئی تھی یہاں تو کوئی اسے حوصلہ دینے والا نہ تھا فقط زخم دینے والے تھے جن کے لیے اسے نا کردہ گناہوں کی سزا دینا واجب تھا۔
چند لمحوں بعد کسی نے آکر اسے اپنے پیچھے آنے کا کہا تو حُرہ اپنی چادر سنبھالتی بمشکل چلتی ہوئی ایک کمرے میں داخل ہوئی ملازمہ اسے اس سٹور نما کمرے میں چھوڑ کر جا چکی تھی حُرہ نے اس نیم اندھیرے نما کمرے کو دیکھا تو وہاں کچھ ٹوٹے ہوئے سامان کے علاوہ ایک چٹائی تھی حُرہ چٹائی پر آ
بیٹھی۔
پہلے جب وہ تایا کے گھر پر تھی تو بابا کو یاد کر کے روتی تھی آج ماں کی یاد زیادہ ستارہی تھی مگر بے بس تھی اپنی بے بسی پر آنسو بہانے لگی ایک دن میں ہی اسے اس کی اوقات بتا دی گئی تھی مگر حُرہ پہلے سے جانتی تھی کہ اس کے ساتھ یہ ظلم ہوں گے اس کا وجود اس وقت زخموں سے چور تھا جسم میں اس قدر درد کی لہریں اٹھ رہیں تھیں کہ حُرہ شدت درد سے کراہ رہی تھی اس فرش پر لیٹنا اسے مزید تکلیف سے دو چار کر رہا تھانہ کوئی تکیہ نہ کوئی چاور ، روشنی بھی تو نہ تھی۔
سرد موسم کے باعث کمرے کی فضاء میں ہلکی سی خنکی تھی مسلسل رونے اور چیخنے کے باعث اس کا گلا درد کر رہا تھا آج سب کا رویہ اسے یاد آ رہا تھا اس قدر ذلت ، حقارت اور ظلم یاد کر کے وہ رونے لگی مگر جو چیز حُرہ کا دل چیر رہی تھی وہ نورے کی باتیں تھیں اس کی باتوں سے صاف ظاہر ہو رہا تھا کہ یقیناً چھوٹے سردار کے ساتھ اس کا کوئی رشتہ تھا اس نے کبھی بھی چھوٹے سردار کو نہیں دیکھا تھا وہ نہیں جانتی تھی کہ وہ کس طرح کا انسان ہے مگر اتنا ضرور جانتی تھی کہ نورے کے ساتھ ان کی شادی ضر ور ہوگی کیونکہ سر دارا اپنی زبان کے بہت پکے ہوتے ہیں اگر نورے کے ساتھ رشتہ طے تھا تو اس کا مطلب ہے کہ نورے سر دار عباس ہمدانی کی بیوی ضرور بنے گی۔
ہاں وہی تو بیوی ہوگی میں تو ونی ہوں نا ۔ ۔
یہ تکلیف دہ سوچ ذہن میں آتے ہی حُرہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی
زندگی پہلے بھی آسان نہیں تھی مگر اب تو دل پہ بوجھ ہی بڑھ گئے تھے
شام کے سائے اترے تو سردار شیر دل نے حویلی میں قدم رکھا جب وہ چلتے ہوئے لاؤنج میں آئے تو حویلی کے ماحول میں عابی کی موت کے باعث چھائی افسردگی ابھی بھی تھی۔ صوفے پر براجمان ہونے کے بعد انہوں نے ملازمہ کو سردار بی بی کو بلانے کا حکم دیا۔ ملازمہ تھوڑی دیر بعد ہی سردار بی بی کے پیچھے دوبارہ حاضر ہوئی۔
سردار شیر دل نے صوفے پر اپنے ساتھ براجمان ہونے والی سردار بی بی کو دیکھا جو بیٹی کی موت کے صدمے میں اس قدر تھیں کہ محض ہر وقت سوگ کے عالم میں رہتیں۔
سلام ۔ ۔
سردار بی بی نے ادب سے نگاہیں جھکا کر کہا تو سردار شیر دل نے سر کو بلایا۔
عباس نہیں آیا آپ کے ساتھ ۔ ۔ ؟
سوال کرتے ہوئے انہوں نے بے چینی سے ادھر ادھر نگاہیں گھمائیں۔
بدلے کی آگ میں جل رہا ہے وہ ۔ ۔ جب تک عابی کے قاتلوں کو اپنے ہاتھوں سے عبرت ناک موت نہیں دے دیتا تب تک چین نہیں آئے گا اسے ۔ ۔
سردار شیر دل اپنے دل کے درد کو عشرت ہمدانی سے بیان کر رہے تھے لیکن ان کی تو ایک بات پر سانس ہی رک گئی تھی
قق قاتلوں ۔ ۔ اس بات کا کیا مطلب ہے سردار جی ۔ ۔ کک کتنے لوگ تھے ۔ ۔
ماں کا دل تھا تو بیٹی کی بے کسی سنتے ہوئے زبان ساتھ نہیں دے رہی تھی یہ انکشاف انہیں مزید دکھ سے دوچار کرنے والا تھا سردار شیر دل نے لب بھینچ لیے یقیناً انہیں یہ بات بتانے سے عباس نے منع کیا تھا
بتائیں نا ۔ ۔ سردار جی ۔ ۔
شوہر کو خاموشی سے خود کو تکتا پا کر سردار بی بی نے بے چینی سے پوچھا
تت تین لوگ ۔ ۔
یہ الفاظ سننے تھے کہ سردار بی بی بلند آواز میں رونے لگیں
کیا بگاڑا تھا میری معصوم بچی نے کسی کا ۔۔ وحشیوں کو رحم نہ آیا ۔ ۔
ہزیانی انداز میں رونے چیختے وہ بولیں تو سردار شیر دل نے ناہید کو اشارہ کیا ناہید سرداار بی بی کے قدموں میں بیٹھ کرانہیں دلاسہ دینے لگی۔کافی دیر بعدلاونج میں ناعمہ اور نورے داخل ہوئیں
نورے کا سرخ رویا رویا چہرہ دیکھ کر سردار شیر دل اور سردار بی بی نے ایک دوسرے کو دیکھا بیشک انہوں نے نورے کو ہمیشہ عابی کی طرح سمجھا تھا وہ دونوں سمجھ چکے تھے کہ نورے کا رونا محض عابی کے لیے نہیں ہے بلکہ عباس کے نکاح کی خبر نے اسے رلا دیا۔
نورے بیٹا یہاں آؤ ۔ ۔ سردار شیر دل نے نورے کو پیار سے دیکھتے ہوئے اپنے ساتھ صوفے پر بیٹھنے کا اشارہ کیا تو نورے دوپٹہ سر پر کرتی سر جھکا کر ان دونوں کے درمیان بیٹھ گئی کسی بھی بات کی وجہ سے پریشان مت ہونا ۔ ۔ آپ کی اور عباس کی شادی ہم دھوم دھام سے کریں گے اب آپ ہی تو ہماری بیٹی ہیں ۔ ۔ سردار شیر دل نے نورے کے سر پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہا تو نورے نے سر کو جنبش دی مگر دل میں اٹھتے کرب کا وہ کیا کرتی جو عباس کو کسی صورت بانٹنے کو تیار نہ تھا اور وہ یہ بھی جانتی تھی کہ خون بہا میں آئی لڑکی کو طلاق بھی نہیں دی جاتی۔
ایک پل کو حُرہ کا سوجا رویا ہوا چہرہ اس کی آنکھوں کے سامنے آیا اسے حُرہ کے لیے برا لگا تھا دکھ ہو رہا تھا مگر اس دل کا کیا کرتی جو عباس کے نکاح کا سنتے رو رہا تھا۔
کوئی زور زور سے اس کا شانہ ہلا کر اسے جگا رہا تھا چندپل میں ہی حُرہ نے آنکھیں کھولیں تو سامنے ملازمہ جھکی ہوئی اسے نیند سے جگا رہی تھی حُرہ نے ملنے کی کوشش کی مگر جسم بر ی طرح اکڑا ہوا تھا سارے وجود میں درد کی لہریں اٹھ رہیں تھیں ایک ہاتھ سر پر رکھتے ہوئے وہ قدرے مشکل سے اٹھی
جلدی کرواٹھواور میرے ساتھ چلو ۔ ۔
ملازمہ اس کی چادر اس کے سر پر دیتی عجلت میں بولی حُرہ نے نا سمجھی سے اسے دیکھا
کک کہاں ۔ ۔
بمشکل حلق سے آواز نکلی تھی۔ پیاس کی وجہ سے گلا خشک تھااور سوجے ہوئے زخمی لبوں میں مزید دردہوا
ناہید نے بلایا ہے تمہیں ۔ ۔ جلدی کرو اگر دیر ہو گئی تو تمہارے ساتھ ساتھ میری بھی شامت آجائےگی ۔ ۔ ۔ ۔ اس بار ملازمہ نے کہتے ہوئے حُرہ کو خود ہی سہارا دے کر اٹھا یا اور چلنے لگی اور حُرہ کے حواس مکمل بیدار ہو چکے تھے اس کا دل سوکھے پتے کی مانند لرزنے لگا جانے اب اس کے ساتھ کیا ہونے والا تھا۔
جب وہ ملازمہ کے سہارے پر چلتی اس وسیع باورچی خانے میں داخل ہوئی تو اس کی نظر ہال میں لگی گھڑی پر پڑی جہاں صبح کے پانچ بج رہے تھے
آ گئی مہارانی ۔ ۔
حُرہ کے آتے ہی ناہید اس کی جانب لپکی جبکہ حُرہ سہم کر پیچھے ہوئی
پوری کر لیں نیندیں مہارانی نے ۔ ۔ اب کام پر لگو چلو ۔ ۔ رضیہ اسے سارے کام سمجھا دو ۔ ۔ اگر آگے سے سستی دیکھائی اس نے تو الٹے ہاتھ کا ایک تھپڑ مارنا اسے ۔ ۔ ساری سستی اتر جائے گی
ناہید پاس کھڑی ملازمہ کوحکم دیتی آگے بڑھ گئی اوروہ ملازمہ حُرہ کو سر سے پاوں تک گھورنے لگی
یہ چھٹانک بھر کی لڑکی کہاں کر سکے گی اتنے کام ۔ ۔ اسے تو ہاتھ لگاؤ یہ گرنے کو تیار کھڑی ہے ۔ ۔
سر دار بی بی بھی نا ۔ ۔وہ ملازمہ بڑبڑاتی ہوئی حُرہ تک آئی۔
سن ۔ ۔ اب سے سارے کام تجھے ہی کرنے ہیں ۔ ۔ اگر کوئی گڑبڑ کی تو نے تو یہ موٹی جلادنی تجھے بخشے
گی نہیں ۔ ۔وہ ملازمہ خرہ کو آ نکھیں دکھاتے کام بتانے لگی اور خرہ کے آنسو دل پر گرنے لگے
اس نے خود کو مضبوط کرتے ہوئے سرد آہ بھری اور بے بسی سے خود کو کاموں میں لگا دیا اسے پہلے معلوم تھا کہ اس کے ساتھ یہی سب ہوگا مگر افسوس ہو رہا تھا کہ بنا کسی قصور کے اس پر ظلم ہو رہا تھا مگر چاہ کر بھی وہ مزاحمت نہیں کر سکتی تھی کیونکہ کسی بات سے انکار کرنے یا مخالفت کرنے پر اس کی زندگی مزید مشکل ہو جانی تھی سیاہ چادر کو اچھی طرح اوڑھتے ہوئے اس نے اپنے درد کرتے سر کو نظرانداز کرتی ، بھوک اور پیاس کو پس پشت ڈالتی اس ملازمہ کے حکم کے مطابق سارے کام سر انجام دینےلگی۔
شاید دو ہفتے گزر گئے تھے اسے حویلی میں آئے ہوئے یا اس سے زیادہ مگر اسے ٹھیک طرح دن یاد نہیں تھے کیونکہ اس نے دن رات کا حساب رکھنا ہی چھوڑ دیا تھا
دن بھر اس سے ہر مشقت والا کام کروایا جاتا یہاں تک کہ ملازمہ بھی اکثر اپنے حصے کے کام اسی سے کروانے لگیں تھی وہ بے حس بنی خاموشی سے سب کر دیتی تھی حُرہ نے ایک بات شدت سے محسوس کی تھی کہ یہاں اس کے ساتھ مالک تو برا سلوک کرتے ہی تھے نوکر بھی اسے حقیر سمجھتے تھے مگر وہ کسی کو کچھ جواب نہ دیتی اس کے باوجود سر دار بی بی اور ناہید کا جب دل چاہتا اس پر تشدد کرتی جب دل چاہتا اس کی تذلیل کر دیتی مگر حُرہ نے صبر کر لیا تھا اور زبان پر قفل لگالیا تھا
اس کی ماں کیا کرتی تھیں کہ حُرہ تم بہت صابر ہو مگر تب اس نے کبھی اس بات پر غور نہیں کیا تھا آج
جب ماں کی بات یاد آتی تو بے بسی سے ہنسنے لگتی اور تصور میں ماں کو مخاطب کر کے کہتی ماں یہ صبر نہیں ہے بلکہ بے حسی ہے ۔ ۔ آپ کی بیٹی صابر نہیں ۔ ۔ بے حس بن گئی ہے ۔ ۔
وہ خاموش طبیعت تو پہلے بھی تھی مگر اب تو سوائے لفظ ‘جی ‘ کے کوئی حرف اس کی زبان سے کسی
نے نہ سنا تھا
اس دوران نورے سے اس کا سامنا ہو تا رہتا تھا مگر اس دن کے بعد نورے نے اسے کچھ نہیں کہا
بلکہ وہ ہمیشہ حُرہ کو نظر انداز کرتی تھی
حُرہ بھی اس سے نگاہیں چرائے رہتی تھی ناہید کے ہاتھ نورے کے چند کپڑوں کے جوڑے اسے دیے گئے تھے جسے صبر کا کڑوا گھونٹ سمجھ کر پیتے ہوئے حُرہ نے لے لیے تھے۔
اپنی ماں کی طرف سے اس کا دل ہر وقت بے چین رہتا تھا مگر وہ کیسے مل سکتی تھی یہاں تو کوئی ذرا بر ابراپنے دل میں اس کے لیے گنجائش نہیں رکھتا تھا مگر پھر بھی اس نے ہمت جمع کر کے سردار بی بی
سے التجا کی
س سردار بی بی ۔ ۔ مم مجھے ایک بار میری ماں سے مم ملوا دیں ۔ ۔
سردار بی بی کے قدموں میں بیٹھ کر سر جھکائے حُرہ نے التجا کرتے ہوئے کہا تو ایک ٹھوکر مار کر انہوں نے حقارت سے اسے دیکھا اس کے بعد وہ کافی دیر منتیں کرتی رہی مگر اجازت نہ ملی بلکہ مزید ظلم کے نشان اس کے وجود اور روح پر دیے گئے
خدا کے لیے اتنے ظالم مت بہنیں ۔ ۔ کچھ رحم کریں ۔ ۔ خدا کے لیے سردار بی بی میری ماں مر جائے گی میرے بغیر . اس نے روتے ہوئے دہائی دی تو سر دار بی بی کے اشارے پر ناہید نے حُرہ کو بالوں سے پکڑ کر کھڑا کیا
ہاں تو مر جائے ۔ ۔ اور تو لڑکی ہم سے رحم نہ ہی مانگ تو تیرے لیے اچھا ہے ۔ ۔ سردار بی بی رخ موڑتے ہوئے حقارت سے بولیں تو وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی
بس ایک بارملنے دیں ۔ ۔ پھر کچھ نہیں مانگوں گی ۔ ۔
اس قدر برے سلوک کے بعد بھی حُرہ نے ہاتھ جوڑتے ہوئے التجا کی کہ ناہیدا اسے بالوں سے گھسیٹتی لاؤنج سے لے گئی وہ چیختی رہی ، دہائیاں دیتی رہی مگر حویلی ہی صرف بڑی تھی یہاں رہنے والوں کے دل بہت چھوٹے تھے۔
جبکہ نورے اور ناعمہ ہمدانی خاموش تماشائی بنی بیٹھی رہیں حُرہ کے ساتھ کیا جانے والا سلوک انہیں برا لگتا تھا مگر وہ دونوں چاہ کر بھی اس سے ہمدردی نہیں کر سکتی تھیں
آج سزا کے طور پر سارا کھانا اکیلے بنانے کی ذمہ داری حُرہ کی تھی جب کھا نا ڈائٹنگ ہال میں لگا رہی تھی آج پہلی مرجہ سردار شیردل کے روبرو آئی تھی جواپنی مخصوص شان و شوکت سے سر براہی کرسی پر براجمان کھانے سے لطف اندوز ہو رہے تھے
یہ آواز میں کیسی آرہیں ہیں ۔ ۔ ؟ ” ڈائننگ ہال میں اس وقت سردار شیر دل ، سردار بی بی ، ناعمہ اور نورے کھانا کھا رہے تھے باقی ملازمین کے ساتھ حُرہ بھی اپنی سیاہ چادر سے اپنا وجود چھپائے پاس سر جھکائے کھڑی تھی جب کچھ
آوازوں پر سردار شیر دل نے نا سمجھی سے سردار بی بی کو دیکھا تو انہوں نے ناہید کو اشارہ کیا اتنے میں
ایک ملازمہ ڈری سہمی ہوئی ڈائٹنگ ہال میں داخل ہوئی
اے کیا ہوا ۔ ۔
سردار بی بی نے ملازمہ کو اپنی کرخت آواز میں مخاطب کیا تو وہ ہڑ بڑا گئی
و و وہ سر دار بی بی وہ ۔ ۔ چھوٹے سردار ۔ ۔
دوسری ملازمہ ہا تھوں میں ٹوٹی ہوئی ٹرے اور گلاس لیے ڈائٹنگ ہال میں داخل ہوئی تو وہ ملازمہ
خاموش ہو گئی۔
ارے منہ سے بول بھی دو کیا ہوا ہے ۔ سر دار شیر دل دھاڑے تو ہال میں موجود سب کانپ گئے حُرہ سختی سے چادر کا کو نا تھا مے سہم گئی
وہ وہ سردار بی بی ۔ ۔ چھوٹے سردار غصے میں تھے ۔ ۔ پہلے کبھی بھی وہ غصہ نہیں کرتے تھے آج تو وہ ۔ ۔ ۔
ملازمہ ڈر کی وجہ سے مزید نہ بول سکی تو دوسری ملازمہ کہنے لگی۔
وہ جی باہر سب کو چھوٹے سر دار مار رہے ہیں ۔ یہ دیکھ کر اس کے ہاتھ سے گلاس چھوٹ گیا
عباس کے ذکر پر وہاں موجود دو نفوس کی دھڑکن معمول سے زیادہ تیز ہوئی تھی اور وہ دو نورے اور حُرہ تھیں۔
نورے کی اتنے دن بعد عباس کی آمد پر کچھ خوشی میں جبکہ حُرہ کی خوف وہر اس کی وجہ سے دل کانپنے لگا ایک یہی سکون تھا اسے کہ کم از کم عباس یہاں نہیں موجود تھا کم از کم وہ کسی کے تو ظلم سے بچی ہوئی تھی مگر اب اس کی حویلی آمد پر حُرہ کے وجود میں کپکپی طاری ہو گئی تھی سردار شیر دل، سردار بی بی ، ناعمہ ہمدانی اور نورے سمیت سب باہر کی سمت چلے گئے تھے مگر حُرہ سانس روکے پیچھے کی جانب قدم کرنے لگی یہاں تک وہ دیوار سے جالگی مگر ملازمہ کے منہ سے ادا ہوئے الفاظ سن کر اس کی خوف وہر اس کے باعث حالت غیر ہونے لگی ۔
وہ سب جب حویلی کے صحن میں پہنچے تو عباس حویلی کے پرانے اور وفادار ملازمین اور گارڈز پر چیخ چنگھاڑ رہا تھا بیشک عباس کا اس طرح بلند آواز میں چلانا حویلی کے مکینوں سمیت نوکروں کو بھی حیرت میں مبتلا کر رہا تھا آج تک کسی نے عباس کو اس قدر طیش میں نہیں دیکھا تھا سردار شیر دل آگے بڑھے اور ایک گارڈ کو عباس کی جارحانہ گرفت سے نکال کر دور کیا۔
کیا ہو گیا ہے عباس ۔ ۔ میرے شیر ۔ ۔
سر دار شیر دل نے بیٹے کو دونوں بازوؤں کے گھیرے میں لیتے ہوئے بلند آواز میں کہا
ایک ایک کو جان سے مار دوں گا بابا میں ۔ ۔ اتنے لوگوں کے پہرے کے باوجود میری بہن کے ساتھ یہ سانحہ کیسے ہو گزرا ۔ ۔ کسی کام کے نہیں ہیں یہ ۔ ۔
عباس غراتا ہوا ایک نظر تمام ملازمین اور گارڈز پر ڈالتا آخر میں باپ کی گرفت سے نکلا
کیوں اپنے آپ کو اس انتقام کی آگ میں جلا رہے ہو ۔ ۔ میں نے کہا تھا نا تمہیں کہ ہم خون کا بدلہ ضرور لیں گے ۔ ۔ پھر کیوں اذیت دے رہے جو خود کو ۔ ۔
عباس کو دکھ سے دیکھتے وہ بولے۔
انہوں نے اپنے ٹھنڈے مزاج بیٹے کو اس قدر طیش کے عالم میں پہلی مرتبہ دیکھا تھا اتنے دن بعد وہ حویلی آیا بھی تو اس قدر عجب حالت میں تھا کہ آنکھیں سوجی ہو ئیں تھیں اور داڑھی بڑھی ہوئی سر دار بی بی بھی بیٹے کو اس قدر غصے میں دیکھ کر تڑپ گئیں جبکہ نورے کی آنکھیں عباس کی یہ بکھری
حالت دیکھ کر بھیگنے لگیں
با با ان لوگوں نے اگر اپنا کام صحیح سے کیا ہوا تو ۔ ۔
اس سے آگے عباس بول ہی نہیں سکا اور قرب کے باعث آنکھیں میچ گیا حویلی کے وسیع صحن میں موجود ہر ذی روح سردار کو پہلی مرتبہ اس طرح دیکھ کر رو پڑا جبکہ ملازمین اور گارڈز عباس کے ڈرو خوف کے باعث کانپ رہے تھے
عباس میرے شیر ۔ ۔ سمبھالو خود کو ۔ ۔ تمہاری ماں مر جائے گی تمہیں اس طرح دیکھ کر ۔ ۔ سردار شیر دل نے عباس کو خود میں بھینچتے ہوئے وہاں کھڑی سردار بی بی کی جانب متوجہ کرتے ہوئے کہا تو عباس کی نگاہیں اپنی ماں کی جانب اٹھیں جو روتی ہوئی غم کی تصویر بنی کھڑی تھیں انہیں دیکھ کر عباس کا دل مزید تڑپ گیا وہ ماں جنہیں اس نے ہمیشہ سج سنور کرشان و شوکت سے حویلی میں حکمرانی کرتے دیکھا تھا آج اجڑی ہوئی حالت میں دیکھ کر دل کو ٹھیس پہنچی اور قدم ماں کی جانب خود بخود بڑھے
انہیں رحم کیوں نہیں آیا میری بیٹی پر ۔ ۔ ؟؟
عباس جب ان کے قریب پہنچا تو وہ سسکتی ہوئیں اس کے سینے سے لگ کر بھرائی آواز میں پوچھنے لگیں۔
نورے ، عباس کے قریب آنے پر نم آنکھوں سے اسے بغور دیکھنے لگی۔
جاری ہے
click here for part 2 Main Hoon Badnaseeb 2 Short Urdu Novel
Episode 26
check please full novel published